Post With Image

مشرف نے غیروں کی جنگ ہمارے گلے میں ڈالی،خورشید شاہ


لاہور:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا ٹوئٹ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہئے،سابقہ ڈکٹیٹرز جنرل ضیاء اور مشرف نے غیروں کی جنگ ہمارے گلے میں ڈالی۔ہفتہ کے روز اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف وزیرخارجہ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک اور ریاست کا مسئلہ ہے جس پر پوری قوم متحد ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہئے تاکہ ایک متفقہ لائحہ عمل بنایا جاسکے،اس کے لئے سیاسی جماعتوں کو تمام اختلافات بلا کر ایک پلیٹ فارم پر آنا چاہئے،کیونکہ کچھ معاملات پوری ریاست کے ہوتے ہیں جن کے فیصلوں میں اختلاف نہیں کیا جاتا۔سابقہ آمروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جنرل ضیاء اور مشرف نے غیروں کی جنگ ہمارے گلے میں ڈالی جو کہ کسی بھی طرح ہماری جنگ نہیں تھی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی۔آخر کار ہم نے سمجھ لیا کہ ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں۔کسی امداد کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہئے بلکہ کشکوک توڑ دینا چاہئے اور ہماری معیشت کسی کے امداد پر منحصر نہیں ہونی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جو ملک اور ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لئے بہتر ہوگا وہی کریں گے۔