خاتون کی لاش کے ٹکرے ملنے کا معمہ حل، ملزم گرفتار

 راولپنڈی: واہ کینٹ پولیس نے مؤثر تفتیش کرتے ہوئے گنجمنڈی سے خاتون کی لاش کے اعضاء ملنے کے اندھے قتل کا معمہ ایک ہفتے میں حل کرلیا۔پولیس نے قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کر کے پھینکنے والے درندہ صفت سفاک ملزم ٹیپو میر کو گرفتار کرلیا۔مقتولہ کی شناخت حنا اکبر کے نام سے ہوئی جو واہ کینٹ سے لاپتہ تھیں۔ خاتون کے اغواء کا مقدمہ تھانہ واہ کینٹ میں 17 مارچ کو درج کیا گیا تھا۔ملزم کو شامل تفتیش کیا گیا جس کے دوران ملزم ٹیپو میر نے مقتولہ حنا کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کی گزشتہ کچھ سال سے مقتولہ سے بات چیت تھی، وقوعہ کے روز مقتولہ سے بحث مباحثہ کے دوران ملزم نے بیلچے سے حنا کو قتل کر دیا۔ سفاک ملزم نے قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کئے جنہیں مختلف علاقوں میں پھینکتا رہا۔سفاکانہ قتل کی لرزہ خیز واردات میں ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ لاش کے مختلف علاقوں میں پھینکے گئے ٹکڑے اور دیگر شواہد ڈھونڈے جا رہے ہیں۔ برآمد شدہ ٹکڑوں کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروایا جا رہا ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ ملزم کتنا بھی شاطر ہو قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا۔