ٹی ٹونٹی سیریز: قذافی سٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کی زبردست پریکٹس

پاک سری لنکا ٹیموں کے مابین کل کھیلے جانیوالے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے، قذافی سٹیڈیم میں گرین شرٹس کھلاڑیوں نے پریکٹس کی، پریکٹس کے دوران قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو خصوصی ٹپس دیں۔ ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں نے خوب ورک آؤٹ کیا، لمبے عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا۔ سری لنکا کے خلاف تین میچز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے احمد شہزاد ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، اوپنر کو واحد اعزاز ہے کہ وہ قومی ٹیم کی طرف سے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں، انہوں نے آخری ٹی ٹونٹی 13 جون 2018ء کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے 57 ٹی ٹونٹی میچز میں 1454 رنز بنا رکھے ہیں۔ 26.43 کی اوسط سے سکو کرنے والے احمد شہزاد کے کیریئر میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں۔