بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ

بھارتی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق بھارتی ریاست تیلن گنا میں بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ ویکرآباد کے علاقے سلطان پور گاؤں میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے دوران پائلٹ کاک پٹ سے نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکا اور ہلاک ہوگیا۔ حادثے کے بعد بھارتی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لاش اور طیارے کا ملبہ قبضے میں لے لیا۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔ طیارے نے صبح 10 بجے کے قریب اڑان بھری، تاہم وہ اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور مہاراجہ ایئربیس سے 10 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا۔ طیارے نے گوالیار ایئر بیس سے اڑان بھری تھی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت میں ہر سال 8 اکتوبر کو یوم فضائیہ منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی فضائیہ کی فل ڈریس ریہرسل بھی جاری ہے، جہاں روسی ساختہ فورتھ جنریشن کے طیارے سوخوئی 30 ایم کے آئی نے بھارتی ایئرچیف کو ورٹیکل چارلی مینور کے دوران فضائی سلامی دی۔ دوسری جانب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ رواں ماہ فرانس میں ہونے والی شاسترا پوجا ( یعنی اسلحہ کی عبادت ) میں شریک ہونگے، جہاں وہ فرانس سے ملنے والے ابتدائی 35 رافیئل طیارے وصول کریں گے۔