حکومت نے ملک کو ترقی کی بجائے زوال پذیر بنا دیا‘ راناثنااللہ

لاہور:(لیڈرنیوز)رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیاں کرنے میں مصروف ہے ، حکومت نے ملک کو ترقی کی بجائے زوال پذیر بنا دیا ہے ، غریب عوام کے لیے روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہیے۔ حکومت نے کنٹونمنٹ بورڈ میں اپنے امیدواروں کو مکمل طور پر ترقیاتی فنڈز فراہم کیے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے سیاسی اثرات اس طرح نہیں بنتے جس طرح عام انتخابات ہوتے ہیں ، حکومت کے لیے بلدیاتی انتخابات جیتنا مشکل ہو جائے گا ، حکومت شکست کے خوف سے جلد بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کہہ رہے تھے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کی وجہ سے واپس آئی ہے۔ اگر بھارت اتنا طاقتور ہے کہ کوئی غیر ملکی ٹیم اس کی وجہ سے ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو تیار نہیں ہے تو پھر حکومت کیا کر رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ پارٹی نے جاوید لطیف سے پوچھا ہے کہ انہوں نے کس تناظر میں بات کی ، امید ہے جاوید لطیف جلد ہی پارٹی کو اپنا جواب جمع کرائیں گے۔

#government has made the country declining instead of developing #Rana Sanaullah