اسلام آبادہائی کورٹ‘راناشمیم کو اصل بیان حلفی پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس میں رانا شمیم سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے سابق جج رانا شمیم کو اصل بیان حلفی جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس رانا شمیم اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ حلف نامے کے مندرجات کو تسلیم کرتے ہیں؟ جس پر سابق چیف جسٹس رانا شمیم نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ حلف نامے کی رپورٹ کیا ہے۔ میرا بیان حلفی مہربند ہے اور لاکر میں ہے، مجھے جواب جمع کرانے کے لیے 2 ہفتے کا وقت دیا جائے۔ عدالت نے رانا شمیم کو 7 دسمبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آج کل عدلیہ کی توہین اور تنازعات کا موسم ہے۔ حلف نامہ دینے والے کو یاد نہیں کہ حلف نامے میں کیا لکھا ہے۔ وہ نہیں جانتا تو یہ حلف نامہ کس نے تیار کیا؟ ایک شخص لندن جا کر حلف نامہ لکھتا ہے وہ کیسے بھول سکتا ہے؟چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ رانا شمیم اصل بیان حلفی کے ساتھ تحریری جواب داخل کریں۔ رانا صاحب کا آج کا بیان بہت خطرناک ہے۔ عدالت کو سیاسی بیان کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

#Islamabad High Court #Rana Shamim #former judge Rana Shamim to submit the original affidavit