خونخوارکتوں کے سامنے عورت نے عورت کو کاٹ لیا

برلن:(لیڈرنیوز) جرمنی میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جسے پڑھ کر آپ حیرت کا اظہار کریں گے اور ایک ساتھ مسکرائیں گے۔جرمنی کے ایک شہر میں دو خواتین کے درمیان پالتو کتے کی تربیت پر بحث باقاعدہ لڑائی میں بدل گئی ہے۔یہ واقعہ گزشتہ روز مشرقی جرمن ریاست تھورنگیا کے چھوٹے سے جرمن قصبے ایزینچ میں پیش آیا۔ ایک 27 سالہ خاتون اپنے پالتو کتے کے ساتھ ایک پارک میں چہل قدمی کر رہی تھی کہ اس نے ایک 51 سالہ خاتون کو دیکھا جو اسی پارک میں اپنے پالتو کتے کے ساتھ موجود تھی کہ اچانک اس نے اپنے کتے کو پیٹنا شروع کر دیا۔یہ منظر دیکھ کر نوجوان خاتون نے ادھیڑ عمر کی خاتون کو مخاطب کیا اور اسے اپنے کتے کو مارنے سے روکنے کی کوشش کی تو دونوں خواتین کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔27 سالہ نوجوان نے کہا کہ اس کے کتے کو تربیت دینے کے لیے مارا پیٹا نہیں جانا چاہیے، جب کہ بوڑھی خاتون کا اصرار تھا کہ کتا اس کا ہے اور وہ اسے تربیت دینا جانتی ہے۔دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے باقاعدہ لڑائی میں بدل گئے اور دونوں خواتین اپنے کتے چھوڑ کر آپس میں لڑنے لگیں۔اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ لڑتے لڑتے بوڑھی خاتون زمین پر گرگئی اور اس نے اپنے نوجوان حریف کی پنڈلی میں دانت گاڑ دیے جس سے وہ زخمی ہوگئی ،واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق دونوں خواتین لڑائی میں زخمی ہوئیں جب کہ ان کے پالتو کتے ساتھ کھڑے خاموشی سے انہیں دیکھتے رہے۔ دونوں کتے نہ آپس میں لڑے اور نہ ہی کسی نے اپنی مالکن کی حریف عورت کو کاٹنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو اب ایک دوسرے کو جسمانی طور پر زخمی کرنے کے الزام میں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

#woman bit the woman in front of the bloodthirsty dogs #