حکومت کا برطانیہ کیساتھ مجرموں کی واپسی کا معاہدہ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد:(لیڈرنیوز) وفاقی کابینہ کی تشکیل کردہ خصوصی وزارتی کمیٹی نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ حوالگی کے معاہدے پر بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیے جائیں گے۔لیڈر نیوز کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حوالگی کے معاہدے پر وفاقی کابینہ کی جانب سے بنائی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزارت داخلہ میں ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، مشیر برائے امور داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر، سیکرٹری وزارت قانون اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حوالگی کے معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ حوالگی کے معاہدے پر بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدہ برطانیہ سے مشاورت کے بعد حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔یہ معاہدہ پاکستان اور برطانیہ کو اپنے سزا یافتہ مجرموں کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت دے گا، صرف ان شہریوں کو ہی وطن واپس جانے کی اجازت دی جائے گی جنہیں متعلقہ عدالتوں سے سزا ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ حوالگی کے معاہدے پر مذاکرات کا پہلا دور اکتوبر 2019 میں ہوا تھا۔

#Pakistan extradition treaty with the United Kingdom would be signed in the best public interest