فلورملز نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا

لاہور:(لیڈرنیوز) محکمہ خوراک پنجاب کی  جانب سے سستے داموں سرکاری گندم کی فراہمی مکمل طور پر بند ہونے کے بعد فلورملز نے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں کے تناسب سے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔آٹے کے 10 کلو تھیلے کی پرچون قیمت650 روپے جبکہ 20 کلو تھیلے کی پرچون قیمت 1300 روپے کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب کے خریداری ہدف میں دوسری مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے اسے 50 لاکھ ٹن کردیا گیا ہے جو کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سرکاری خریداری ہدف ہے۔وفاقی محکمہ پاسکو کے گندم خریداری ہدف میں بھی 5 لاکھ ٹن اضافہ کردیا گیا ہے مزید برآں سرکاری گندم کی قبل از وقت ریلیز شروع کرنے کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں متضاد آراءاور تحفظات موجود ہیں ۔ایک حلقہ فوری طور پر سرکاری گندم کی انتہائی کم قیمت پر ریلیز شروع کر کے آٹے کی قیمت 1100 روپے پر برقرار رکھنا چاہتا ہے جبکہ ایک بڑا حلقہ دو سے تین ماہ بعد مناسب اور قابل برداشت سبسڈی کی قیمت پر سرکاری گندم کی ریلیز شروع کرنے کا حامی ہے۔