امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 7 پیسے کی کمی

لاہور: ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کی دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 7 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 207 روپے 94 پیسے سے کم ہو کر 206 روپے 87 پیسے ہو گئی ہے۔اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث 112.95 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 41765.62 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.27 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 26 ہزار 838 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔