کورونا سے متاثر ایک مریض جاں بحق،541 کیسز رپورٹ

لاہور: کورونا کی ممکنہ چھٹی لہر کا خطرہ بڑھنے لگا، ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، 100 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔این آئی ایچ کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ پانچ صفر ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پانچ سو اکتالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پندرہ ہزار چار سو باسٹھ ٹیسٹ کئے گئے۔ملک بھر میں کورونا سے متاثر 100مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مہلک وائرس نے ایک اورمریض کی جان نگل لی ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے 9 نئے کیسزرپورٹ ہونے کے بعد وبا کے پھیلائو کی شرح میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کورونا وائرس کے نو نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور وائرس کے پھیلائو کی شرح 2.91 ہو گئی ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 35,540 ہے۔