عمران خان وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا ، شیری رحمٰن

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور ان کے نمائندے وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا۔ایک بیان میں شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ اپنے چیف آف اسٹاف کی گرفتاری پر عمران خان نے ایک بار پھر لڑنے اورجہاد کا اعلان کیا، عمران خان کیا بھول گئے ان کے دور میں مخالفین کو کس طرح گرفتار کیا جاتا تھا؟ وفاقی وزیر کا مزیدکہنا ہے کہ جھوٹے کیسز بنا کر ہر مخالف آواز کو کچلنے کی کوشش کی گئی، سلامتی کے ادارے پر اپنی سیاست بچانے کے لیےتنقید قابل مذمت ہے، یہ لوگ اقتدار سے نکلنے کے بعد مسلسل اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران اور ان کے ترجمان اقتدار میں واپسی کے لیے ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کر رہے ہیں، کوئی ادارہ متنازع نہیں، عمران خان اور ان کا بیانیہ متنازع ہے۔واضح رہے کہ ایک انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ فیصلہ کر لیا اب لڑوں گا کیونکہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا، پوچھتا ہوں کہ کیا ملک میں کسی کو کسی کا خوف نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت میں مخالفین کی چادر اور چار دیواری کی عزت نہیں کی، آصف علی زرداری اور دیگر سیاسی مخالفین کو علالت میں قید کیا گیا، فریال تالپور کو اسپتال سے گرفتار کرکے جیل میں ڈالا گیا۔