روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا

 ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ قیمت 221 روپے کی حد بھی عبور کر گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 56 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 219 روپے سے بڑھ کر 221 روپے 42 پیسے ہو گئی ہے۔16 اگست سے اب تک انٹربینک میں ڈالر 7 روپے 52 پیسے مہنگا ہوچکا ہے، 16 اگست کو انٹربینک میں ڈالر 213 روپے 90 پیسے پر تھا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہوا، اور قیمت 233 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 1.06 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41860.36 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔