بجلی مزید ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی

حکومت نے غریب عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، بجلی ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی مزید ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی، نیپرا کی جانب سے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی منظوری دی۔دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کےالیکٹرک والے لوگوں کو نئے پلانٹس لگانے کے خواب نہ دکھائیں اور کے الیکٹرک والے خود کچھ نہیں کرتے بلکہ دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں، کے الیکٹرک والے ساری دنیا سے پہلے مانگتے ہیں بعد میں خود کچھ کرتے ہیں۔