ٹریفک حادثات میں 3 طلبہ جاں بحق، 7 زخمی، وزیراعلیٰ کا نوٹس

 بہاولپور میں وین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3 طالب علم جاں بحق ہوگئے، اوکاڑہ میں ستلج سکول کے سامنے دو آٹو رکشہ کی آپس میں ٹکر سے پانچ طالبات سمیت 7 بچے زخمی ہوئے ہیں۔بہاولپور کے علاقے یزمان میں وین نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سکول کے 3 بچے جاں بحق ہوگئے، حادثے کے بعد وین ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ طالبہ لائبہ، خدیجہ اور 14 سالہ الیاس نامی طالب علم شامل ہیں۔دوسری جانب اوکاڑہ ستلج سکول کے سامنے دو آٹو رکشہ کی آپس میں ٹکر کے دوران پانچ طالبات سمیت 7 بچے زخمی ہوئے ہیں، دونوں رکشوں میں سکول کے بچے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق زخمی ہونے والوں میں شاہد، علی حسن، رمشہ، رقیہ وغیرہ شامل ہے، ریسکیو کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بچیوں اور بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں کو ٹریٹمنٹ کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یزمان میں وین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔