عمران کی نااہلی کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں: ڈار کا سابق وزیراعظم کو جواب

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے عمران خان نہیں چاہتے کہ ملک آگے جائے اور عزت کے ساتھ رہے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اپوزیشن میں ملک نیچے جائے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں انہوں نے موجودہ دور میں گرفتار اور قتل ہونے والے افراد کی تصویر اور نام درج کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا۔سابق وزیراعظم کی ٹوئٹ پر ردعمل میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ عمران خان کی غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ کا مقصد ملک کی سکیورٹی صورتحال کو نقصان پہنچانا اور سیاسی ماحول کو گندا کرنا ہے۔اسحاق ڈار نے لکھا کہ عمران خان کی جانب سے دنیا میں 27 نمبر کی معیشت کو 2022 میں 47 ویں نمبر پر پہنچانا ان کی بدانتظامی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے بھرمار دور کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا خمیازہ آج پاکستان کے عوام ناقابل برداشت مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔لیگی سینیٹر کا کہنا ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے جب سے خود غرض اور تکبر میں مبتلا عمران خان کو آئینی طریقے سے وزارت عظمیٰ کی کرسی سے ہٹایا گیا تو وہ پاگل ہو چکے ہیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان کا موازنہ کیا ہی نہیں جا سکتا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کے طور پر عمران خان کو نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی کے لیے ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دی لیکن اس پر عمران خان کا بھدا اور احمقانہ ردعمل انہتائی حیران کن ہے۔اسحاق ڈار نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ انتہائی معذرت کے ساتھ، عمران خان چاہتے ہیں ملک عزت کے ساتھ آگے بڑھنے کے بجائے نیچے جائے۔