موزمبیق اور ملاوی میں’فریڈی‘ نے تباہی مچادی؛ 136 ہلاکتیں

لیلونگ وے / ماپوتو: افریقی ممالک ملاوی اور موزمبیق میں جنوبی نصف کرہ کی تاریخ کے سب سے طاقتور سمندری طوفان ’’فریڈی‘‘ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 136 ہوگئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاوی اور موزمبیق کی تاریخ کے سب سے طاقتور سمندری طوفان فریڈی نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، پول اور ہورڈنگز سڑکوں پر گر گئے اور مکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں۔کئی کچے مکانات منہدم بھی ہوگئے اور درجنوں لوگ ملبے تلے دب گئے۔ سمندری طوفان کے ساتھ نہ رکنے والا بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا جس نے سیلابی صورت اختیار کرلی۔ریسکیو کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ملاوی میں 99 جب کہ 37 موزمبیق میں ہلاک ہوئے۔ دونوں ممالک میں زخمیوں کی مجموعی تعداد ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔موزمبیق اور ملاوی کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ بے گھر اور سیلاب میں پھنسے افراد کے لیے عالمی تنظیموں کی جانب سے ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمی تغیرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کو غیر متوقع اور معمول سے زیادہ بارشوں، سیلابوں اور طوفانوں کا سامنا ہے۔ انسانیت کو سب سے زیادہ خطرہ ایٹمی جنگوں سے نہیں بلکہ ماحولیاتی تبدیلی سے ہے۔