بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ہلاکتوں کا خدشہ

نئی دہلی: ریاست ارونا چل میں چین کی سرحد کے نزدیک بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس میں ہلاکتوں کy خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اروناچل کے مندالا پہاڑی سلسلے میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر جس علاقے میں تباہ ہوا وہ چین کی سرحد کے نزدیک ہے۔ہیلی کاپٹر نے ارونا چل کے آرمی بیس سے پرواز بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کے پہاڑی سلسلے میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔جائے وقوعہ کی جانب ریسکیو ٹیم کو بھیج دیا گیا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ ہیلی کاپٹر میں کتنے افراد سوار تھے۔ بھارتی فوج کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ اسی ریاست میں گزشتہ 10 برسوں میں بھارتی فوج کے 7 سے زائد ہیلی کاپٹر حادثوں میں سابق وزیر اعلیٰ سمیت 40 اہلکار اور افسران ہلاک ہو چکے ہیں۔