کچے میں گرینڈ آپریشن، 8 ڈاکو گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

پولیس کی جانب سے جاری کچہ آپریشن کے دوران ایک بڑی کارروائی میں 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔کچے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن 17 ویں روز بھی جاری ہے، اس دوران کامیاب حکمت عملی کے تحت پولیس نے کچی لُنڈ میں دلانی اور عمرانی گینگ کے خلاف بڑی ٹارگٹڈ کارروائی کی اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے 3 جدید کلاشنکوف، رپیٹرز، متعدد میگزینز اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں، علاقے میں پولیس کی پیش قدمی تاحال جاری ہے۔پولیس کے مطابق دلانی اور عمرانی گینگ نے کچی لُنڈ میں خفیہ ٹھکانے بنا رکھے تھے، جہاں سے وہ سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے تھے، پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران کچی لُنڈ میں انٹری کے لئے کشتیوں کا استعمال بھی کیا گیا، کچہ کے مختلف علاقوں میں پولیس پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے تحت کامیابی سے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔پولیس کے گرینڈ آپریشن میں اب تک 3 ڈاکو ہلاک اور 28 سے زائد گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خفیہ ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں بھاری ہتھیار، راکٹ لانچر، لانگ مشین گن، ہینڈ گرینیڈز، درجنوں شارٹ مشین گنز اور ہزاروں کی تعداد میں مختلف بورز کی گولیاں و بارود برآمد ہوا ہے۔کچے کے اغوا کاروں اور ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانے تباہ کر کے ریاست اور قانون کی حکمرانی قائم کرتے ہوئے پولیس کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید آپریشن کی نگرانی جبکہ ڈی پی او رضوان عمر گوندل پولیس فورس کی کمانڈ کر رہے ہیں۔