اپنی کارکردگی سے کبھی مطمئن نہیں ہوتا، کپتان قومی ٹیم

 لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اتوار کے روز اپنے بین الاقوامی کریئر کا اہم سنگ میل عبور کرنے والے ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں جب وہ پانچواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے میدان میں اتریں گے تو یہ ان کا 100 واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوگا۔بابراعظم کے لیے یہ سفر کتنا دلچسپ اور چیلنجنگ رہا ہے اس بارے میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پوڈ کاسٹ میں تفصیل کے ساتھ گفتگو کی ہے۔بابراعظم اس لمحے کو خاص طور پر یاد کرتے ہیں جب انہیں پہلی بار پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کی اطلاع ملی تھی وہ اس وقت اپنے گھر والوں کے ساتھ موجود تھے جب فون آیا تھا کہ آپ کا نام پاکستانی ٹیم میں آگیا ہے۔ اسوقت ان کی خوشی کی انتہا نہ تھی۔بابراعظم کہتے ہیں کہ جب میں پہلی بار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ گراؤنڈ میں داخل ہورہا تھا تو مجھے اپنا وہ وقت یاد آگیا تھا جب میں بال پکر بن کر آیا تھا۔ وہ ٹیسٹ میچ انضی بھائی ( انضمام الحق) کا آخری ٹیسٹ میچ تھا جس میں میں پاکستانی ٹیم کو بولنگ کرنے آیا تھا۔میں سوچ رہا تھا کہ ایک وقت وہ تھا جب میں پاکستانی ٹیم کو بولنگ کرنے آیا تھا اور اب میں خود پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں۔