لاہور میں اغوا کی گئی کمسن بچی بازیاب

 لاہور: لاہور پولیس اور سیف سٹیز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ کمسن بچی کو 24 گھنٹے میں بازیاب کرالیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مسکان فاطمہ چائنہ اسکیم کےعلاقہ میں اپنے ذہنی معذور چچا کے پاس بیٹھی تھی کہ اغواکار کمسن بچی مسکان فاطمہ کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور مقام کا سراغ لگایا گیا۔پولیس کے مطابق مغوی بچی کی تلاش کے لیے 300 سے زائد کیمروں کی مدد سے 8 کلومیٹر تک ملزم کو ٹریس کیا گیا، بچی کو اٹھا کر لے جاتا ہوا ملزم سیف سٹیز کیمروں میں دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس نے بادامی باغ کےعلاقہ سے بچی کو بحفاظت بازیاب کراکے والدین کے حوالے کردیا۔ مغوی بچی مسکان فاطمہ کے والدین نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کارکردگی کو سراہا۔ایس پی رضا تنویر نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے اغوا میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔