عمران خان کے سہولتکار بےنقاب ہورہے ہیں، پرویز رشید

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا خوف اس بات کی گواہی ہے کہ اس کی سازش اور سہولتکار بے نقاب ہونے جا رہے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ آڈیو لیک جوڈیشل کمیشن کے قیام کو چیلنج کرنا ہی عمران خان کے ڈان اور سسلین مافیا ہونے کی تصدیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جرم کی تفتیش سے فرار کے راستے تلاش کرنا اعتراف جرم کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔