پیپلز پارٹی آئین روند کر کراچی کا میئر بنانا چاہتی ہے: حافظ نعیم

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ لاڈلوں کی فرمائش ہے کہ صدر ٹاؤن جیالوں کو چاہیے، پیپلز پارٹی آئین کو روند کر کراچی کا میئر بنانا چاہتی ہے۔کراچی میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ الیکشن کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا غلام بنا ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آر اوز کی لسٹ سے تحریکِ انصاف کی مخصوص نشستیں غائب کر دی گئیں، الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری ادا کرے، کراچی کا میئر جماعتِ اسلامی کا ہو گا، تحریکِ انصاف کے نمائندے ہمارے رابطے میں ہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہر کو سنگین بلدیاتی مسائل کا سامنا ہے، 18 برس میں کے فور کا منصوبہ نہیں بن سکا، بلاول بتائیں کے فور منصوبہ کیوں نہیں بنا؟