شعیب ملک ثانیہ مرزا کی طلاق کی افواہیں پھر گرم

  کراچی: پاکستان کے کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ایک بار پھر گردش کررہی ہیں۔سوشل میڈیا پر کھیلوں کی دنیا کی اسٹار جوڑی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی افواہوں نے دوبارہ سر اٹھایا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ دونوں مبینہ طورپر علیحدہ ہوگئے ہیں۔ان افواہوں کی بنیاد شعیب ملک کی جانب سے اپنے سوشل بایو میں تبدیلی کو قرار دیا جارہا ہے جس میں سے انہوں نے ثانیہ مرزا کا ذکر نکال دیا ہے۔شعیب ملک کی پہلی بایو میں ’’Husband to a Superwoman‘‘ کے الفاظ کے ساتھ  ثانیہ مرزا کی انسٹاگرام آئی ڈی مینشن تھی تاہم اب انہوں نے یہ الفاظ اپنی بایو سے ہٹا دیے ہیں۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی افواہیں گزشتہ سال بھی سامنے آئی تھیں تاہم ’’مرزا ملک شو‘‘ میں دونوں کے ایک ساتھ نظر آنے کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی تھیں لیکن دونوں نے اس بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی تھی جس کی پاکستانی میڈیا میں بھرپور کوریج کی گئی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔