فلسطینیوں کی آواز بننے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے بائیکاٹ مہم میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے اب فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسرائیلی حملوں پر خاموشی اختیار کرنے والی ہالی ووڈ شخصیات کی فہرست شیئر کر کے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اشنا شاہ نے پوسٹ کرتے ہوئے اسرائیلی دہشت گری کے خلاف خاموش رہنے والے فنکاروں پر مشتمل طویل فہرست شیئر کی ہے اور مداحوں سے ہالی ووڈ شخصیات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ آج سے مشہور شخصیات کے بائیکاٹ کا آغاز کریں اور شروعات ہالی ووڈ کے ستاروں کے ساتھ کریں، اس فہرست میں شامل تمام فنکاروں کو ان کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ’اَن فالو‘ کریں اور تہیہ کریں کہ آپ ان کی کوئی فلم نہیں دیکھیں گے، نہ ان کے گانے سُنیں گے اور مذکورہ فنکار جن مصنوعات کی تشہیر کریں گے وہ بھی نہ خریدنے کا عہد کریں۔انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے کہا ہے کہ ان کا مکمل بائیکاٹ کریں کیونکہ آپ ان کی طاقت ہیں، اسے جانیں اور دوسروں کو بھی اس پر آمادہ کریں، آپ کے اس اقدام سے بہت فرق پڑے گا۔اشنا شاہ نے مزید لکھا ہے کہ اس فہرست میں کچھ نام ایسے ہیں جنہیں آپ پہچانتے ہوں گے جبکہ کچھ کے بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہو گا لیکن آپ مکمل فہرست دیکھیں اور ایک ایک کر کے تمام شخصیات کا بائیکاٹ کریں۔