صدر مملکت علوی کے اعزاز میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے اعزاز میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کر دیا گیا ہے۔ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، صدر مملکت کو مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، عارف علوی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، صدر مملکت نے ایوان صدر کے عملے سے مصافحہ بھی کیا۔تقریب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔یاد رہے کہ کل صدر مملکت کے انتخابات کے بعد صدر ڈاکٹر عارف علوی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔نئے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی امیدوار ہیں۔خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی 5 سالہ آئینی مدت 8 ستمبر 2023 کو ختم ہو چکی ہے، ملک میں نگران سیٹ اپ ہونے کے باعث عارف علوی صدر پاکستان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔آئین کے مطابق الیکشن ہونے کے ایک ماہ تک صدر مملکت اپنے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں۔