مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل کی حکم امتناع کی استدعا مسترد

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں مخصوص نشستوں کیلئے سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا کی حکمِ امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے صاحبزادہ حامد رضا کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے سوال کیا کہ کیا درخواست میں پنجاب حکومت کا جواب آیا ہے؟ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے استدعا کی کہ ہمیں جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے، مخصوص نشستوں پر کچھ ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، دیگر نشستوں کی حد تک ہم جواب فائل کر دیں گے۔درخواست گزار حامد رضا کے وکیل نے اس موقع پر استدعا کی کہ یہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس پر حکمِ امتناع دیا جائے ، جس پر جسٹس چودھری محمد اقبال نے کہا کہ جواب آنے دیں، دیکھ لیتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے سربراہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن کے نئے شیڈول پر حکمِ امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔لاہور ہائی کورٹ نے وفاق اور پنجاب حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔