بالی ووڈ میں دیپیکا پڈوکون کی فین ہوں، سارہ خان

پاکستان کے بعد اب بھارت میں بھی شہرت حاصل کرنے والی معروف اداکارہ سارہ خان نے کہا ہے کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فین ہیں اور اُن کے کام کو بہت پسند بھی کرتی ہیں۔سارہ خان اور اداکار بلال عباس بھارتی ٹی وی چینل کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، حال ہی میں اس ڈٖرامے کی نشریات کا آغاز ہوا ہے۔کمال انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کی کہانی شاعرانہ موضوعات، محبت اور دوستی کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے کے مرکزی کردار فخر اور کاشف ہیں جنہیں بالترتیب بلال عباس خان اور رضا طالش نے ادا کیا ہے جبکہ سارہ خان ڈرامے میں گل بانو کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔اس ڈرامے میں کام کرنے کے بعد سے بھارت میں سارہ خان کی مقبولیت کافی بڑھ گئی ہے اور اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ بھارتی خبررساں اداروں نے اداکارہ کا انٹرویو بھی لیا ہے۔بھارتی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے سارہ خان نے اپنے ڈرامہ سیریل ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان، بھارت سمیت جہاں بھی میرے مداح مقیم ہیں وہ سب اس ڈرامے میں گل بانو کا میرا کردار دیکھیں، یہ ایک پرانے اسکول کی محبت کی کہانی ہے جو جدید دور میں سیٹ کی گئی ہے۔