رمضان میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقات کار جاری

سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ سوئی سدرن گیس ماہِ رمضان کے دوران اپنے تمام صارفین کی سہولت کے لئے سحری اور افطاری کے تیاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ترجمان کے مطابق ہر سال گیس کے ملکی ذخائر میں ہونے والی آٹھ سے دس فیصد تک کمی کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کے سسٹم میں گیس کی طلب اور رسد میں بھی واضح کمی موجود ہے ، اس لئے گیس کے بہتر پریشر کو یقینی بنانے کے لئے گیس پریشر کی پروفائلنگ کو جاری رکھا جائے گا۔ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں گیس کے اوقات کار صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہونگے، جبکہ رات کے اوقات میں یہ پروفائلنگ رات 10 بجے سے 3 بجے تک کی جائے گی۔واضح رہے کہ ان اوقاتِ کار کا تعین ماہِ رمضان میں سحری اور افطار کے لیے کھانا پکانے کی تیاری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔