ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کشمیر کے حوالے سے بیان یکطرفہ ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ کشمیر کی حق خودارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، اس حوالے سے ایک تفصیلی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار برطانیہ کے آفیشل دورے پر ہیں، انہوں نے برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لین سے ملاقات کی ہے، اسحاق ڈار آج برطانیہ کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، برطانیہ پارلیمنٹ کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کرینگے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں فارن سیکرٹری نے پاکستان کی نمائندگی کی، سیکرٹری خارجہ نے غزہ اور اسلاموفوبیا پر بھی بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے سائیڈ لائن پر جموں وکشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوا۔