ٹرمپ کو کملا ہیرس پر حاصل برتری میں واضح کمی آنے لگی ہے، سروے

واسنگٹن: امریکا کے رجسٹرڈ ووٹرز سے سوالات کے ذریعے کیے گئے سروے میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر اور ری پبلکنز کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹس کی امیدوار کملا ہیرس پر معیشت اور جرائم جیسے مسائل پر حاصل برتری میں واضح کمی آنے لگی ہے۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایپسوس اور رائٹرز کے نئے سروے کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کملاہیرس کی انتخابی مہم تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 23 سے 25 اگست کے دوران کیے گئے تین روزہ سروے میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے معیشت اور روزگار کے حوالے سے مؤقف کو 43 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے قبولیت بخشی جبکہ کملا ہیرس کے حق میں 40 فیصد ووٹرز تھے لیکن 3 فیصد کا یہ فرق معمولی ہے کیونکہ پول میں غلطی کا مارجن 4 فیصد ہے۔سروے کے نتائج میں 4 فیصد غلطی کے احتمال کے ساتھ ساتھ اس سے قبل جولائی میں کیے گئے سروے میں ٹرمپ کو کملا ہیرس پر 11 پوائنٹس کی بڑی برتری حاصل تھی جو اب کم ہو گئی ہے۔