فلسطین کے صدر محمود عباس نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فلسطینی صدر اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں غزہ کی صورتحال سمیت فوجی کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی صدر کو یقین دلایا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کی اپنے حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کیلئے بین الاقوامی اور علاقائی فریقین سے رابطے میں ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے مزید بتایا کہ ملاقات میں سعودی وزیردفاع پرنس خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، انٹیلی جنس چیف، اردن میں سعودی سفیر بھی شریک ہوئے، فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی ولی عہد شہزادہ بن سلمان کی کوششوں کو سراہا۔