معروف یوٹیوبر راحم پردیسی عرف 'نسرین' پر قاتلانہ حملہ

خواتین کے لباس میں مزاحیہ ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے معروف پاکستانی کامیڈین و یوٹیوبر راحم پردیسی عرف ’نسرین‘ پر قاتلانہ حملہ ہوگیا۔گزشتہ روز یوٹیوبر راحم پردیسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں اپنی تصویر شیئر کی تھی جسے دیکھ کر اُن کے مداح پریشان ہوگئے۔تصویر میں راحم پردیسی کو زخمی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے، تصویر میں یوٹیوبر کے سر پر چوٹ لگی ہوئی تھی جبکہ اُن کی شرٹ پھٹی ہوئی تھی۔بعدازاں، راحم پردیسی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ نشے میں دھت کچھ غنڈوں نے اُن پر حملہ کردیا تھا۔راحم پردیسی نے مداحوں کو اپنی خیریت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں زیادہ چوٹ نہیں آئی لیکن وہ بہت جلد اس حملے میں ملوث افراد کو پکڑ لیں گے۔یوٹیوبر نے اپنے مداحوں کی دُعاؤں کا شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ وہ حملہ آوروں سے پیشہ ورانہ طور پر نمٹیں گے۔