اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 ہزار 878 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، شمالی غزہ کے حلیمہ السعدیہ اسکول اور النصیرات پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں 13 فلسطینی شہید ہو گئے۔طبی ذرائع کے مطابق جمعے کے روز غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 33 افراد شہید ہوئے۔اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے تل الحوا میں رہائشی علاقوں پر فائرنگ کی ہے۔بوریج پناہ گزین کیمپ میں ایک عمارت پر بم باری سے 4 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوئے۔اقوامِ متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق پیر سے جمعرات تک غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں 110 فلسطینی شہید اور 230 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 40 ہزار 878 فلسطینی شہید اور 94ہزار 454 زخمی ہو چکے۔