امبانی کی شادی، جیکی شروف ہاتھ میں پودا لیکر پہنچ گئے

ممبئی: ایشیا کے امیرترین بھارتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں بالی ووڈ کے سینیئر اداکار جیکی شروف کے منفرد انداز نے مداحوں کو حیران کردیا۔12 جولائی کو ممبئی میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، اس جوڑے کی طویل عرصے سے جاری شادی کی تقریبات میں بالی ووڈ ستاروں اور بھارتی کرکٹرز سمیت دُنیا بھر کی بااثر اور شوبز شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔اننت اور رادھیکا کی شادی میں بالی ووڈ ستارے ایک سے بڑھ کر ایک مہنگے اور دلکش ملبوسات میں جلوہ بکھیرتے نظر آئے لیکن سینیئر اداکار جیکی شروف کے اسٹائل نے دھوم مچا دی۔67 سالہ جیکی شروف نے اپنا منفرد انداز اپناتے ہوئے امبانی کی شادی میں بھی ہاتھ میں چھوٹا سا پودا لیکر شرکت کی، اداکار کا یہ انداز ناصرف مہمانوں کے لیے توجہ کا مرکز بنا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اُن کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جیکی شروف ہر اہم ایونٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ساتھ لازمی پودا لیکر جاتے ہیں، اس کی وجہ ماحولیات کے تحفظ کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیکی شروف طویل عرصے سے اپنے اسی منفرد انداز میں ماحولیاتی مہم چلا رہے ہیں اور اکثر اُن کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہیں۔