انسان کو تقویٰ اختیار کرنا چاہیے، یہی فلاح کا راستہ : خطبہ حج

مسجدالحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد المعیقلی نے خطبہ حج ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، یہی فلاح اور کامیابی کا راستہ ہے۔دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج اس وقت میدان عرفات میں موجود ہیں ، مسجدالحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد نے خطبہ حج ادا کردیا ، خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا گیا ۔  شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد نے تمام اہل ایمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے۔شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کہاکہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں واحد ہے، اللہ کی وحدانیت اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت  پر یقین اسلام کا پہلا رکن ہے ، اللہ تعالیٰ کو مخلص ہوکر پکارنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کی عبادت میں کسی اور کو شریک نہیں کرنا چاہیے،  اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی زندگی کہیں تمہیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کی خطاؤں کو معاف کردے گا اور اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سےوہ گمان بھی نہیں کرسکتا، انسان کو تقویٰ اختیار کرنا چاہیے کیونکہ یہی فلاح و کامیابی کا راستہ ہے۔