جی 20اجلاس : ہم مقابلے میں ہی نہیں آرہے!

دنیا کی 20سب سے بڑی معیشتوں کے ممالک کی تنظیم جسے ”جی20“ کہا جاتا ہے، کا سربراہی اجلاس بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہفتہ اور اتوار کو ہوا۔ جی20 میں امریکہ، روس، چین، بھارت، ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، میکسیکو،سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکیہ، برطانیہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔ بیشتر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم اس اجلاس میں شریک ہوئے لیکن چین اور روس کے صدور نے اس سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ چینی صدر کی جگہ چین کے وزیراعظم اور روسی صدر کی جگہ روس کے وزیر خارجہ نے ان کی نمائندگی کی۔ جی20 کے صدر کے طور پر بھارت نے بنگلہ دیش، مصر، نائیجیریا، متحدہ عرب امارات، عمان، سنگاپور، نیدر لینڈز، سپین اور ماریشیئس کو بھی مہمان کے طور اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن پاکستان کو بطور مہمان بھی مدعو نہیں کیا گیا۔ اگر اس گروپ کی تاریخ پر طائرانہ سی نظر ڈالیں تو اس تنظیم کو ایشیائی معاشی بحران کے بعد 1999 میں قائم کیا گیا تھا۔ ابتدائی سالوں میں اس کے اجلاس میں رکن ممالک کے وزرا خزانہ اور سینٹرل بینکوں کے گورنر شریک ہوتے تھے لیکن 2007 کے عالمی معاشی بحران کے بعد اسے سربراہی اجلاس میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس کا پہلا سربراہی اجلاس 2008 میں واشنگٹن میں منعقد ہوا تھا۔ جی20 کا سربراہی اجلاس سال میں ایک بار ہوتا ہے۔ اس کی سربراہی باری باری سبھی رکن ممالک کے پاس آتی ہے۔آئندہ اجلاس کی سربراہی برازیل کے پاس ہو گی۔ اس گروپ کی طاقت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کی معیشت کا 85 فی صد جی ڈی پی اور 75 فی صد عالمی تجارت انھیں ملکوں کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ ممالک دنیا کی دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ویسے تو اس گروپ کا مقصد معاشی نظام کے مختلف پہلوو¿ں اور مسائل پر غور کرنا ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس میں دیر پا ترقی، صحت، زراعت، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور انسداد بدعنوانی جیسے معاملات بھی شامل ہوتے گئے۔خیر حالیہ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق مذہبی عقائد، اظہار رائے کی آزادی اور پر امن اجتماعات کے حق پر زور دیتے ہوئے ہر قسم کی عدم برداشت، مذہبی عقائد کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی مخالفت کرتے ہیں۔اعلامیہ میں لوگوں کے خلاف مذہبی منافرت کی کارروائیوں اور مقدس کتابوں اور علامات کے خلاف نفرت انگیز کارروائیوں کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں تمام ممالک نے یوکرین میں جنگ پر بھی اظہار تشویش کیا اور تمام ملکوں پر زور دیا گیا کہ یوکرین تنازع میں دوسرے ملک کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے طاقت کے استعمال سے باز رہا جائے۔اس اعلامیے کی خاص بات یہ تھی کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے والے کثیر القومی ریل اور بندرگاہوں کے معاہدے کا اعلان بھی ہوا ہے جس کے بعد اب بھارت چینی طرز کی ”راہداریاں“ بنانے کی طرف گامزن ہو رہا ہے۔ اور اس حوالے سے یورپی یونین، بھارت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکا نے ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے ہیں۔ یعنی منصوبے کا مقصد مشرق وسطیٰ کے ممالک کو آپس میں ریلوے کے ذریعے جوڑنا اور انہیں بندرگاہ کے ذریعے بھارت سے جوڑنا ہے۔معاہدے سے خطے کے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے عالمی تجارت میں مشرق وسطیٰ کیلئے اہم کردار سامنے آئے گا۔ خیر یہاں سوال لیکن یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ اور روایتی حریف ملک میں جی20 اجلاس ہوا ہے اور پاکستان کا اس میں کوئی ذکر نہیں ہے کیونکہ پاکستان جی 20 ممالک میں شامل نہیں۔ یہ وقت یہ سوچنے کا ہے کہ بھارت نے ایسا کیا کِیا کہ آج وہ نہ صرف جی 20ممالک کا حصہ ہے بلکہ اس کی صدرات بھی کر رہا ہے۔ جبکہ اس وقت پاکستان شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ عوام مہنگائی سے بلبلا رہے ہیں۔ ابھی بجلی کے بلوں کا صدمہ کم نہیں ہوا کہ گیس کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔اور رہی بات پاکستانی معیشت کی تو یہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں سوویں پوزیشن سے 157ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ لیکن خدا کی پناہ کے ہم ابھی بھی بھارت کے ساتھ مقابلے کا چورن بیچ رہے ہیں۔ جبکہ ٹاپ 20پوزیشن تو دور کی بات ہم اگلے 100نمبرز پر بھی نہیں ہیں۔ لیکن باتیں ہم ایسی ایسی کر جاتے ہیں کہ جیسے ہم دنیا کے سب سے بڑے تیس مار خان ہیں۔ جبکہ دنیا ہمیں کسی کھاتے میں نہیں لکھتی۔ بلکہ مجھے تو یہ لکھتے ہوئے بھی شرمندگی ہو رہی ہے کہ میری بھانجی گزشتہ دنوں انڈونیشیا کے شہر مالی میں گئی تو وہاں Randomlyلوگوں سے چٹ چیٹ ہوئی تو اُسے یہ سُن کر خاصی حیرانی اور افسردگی بھی ہوئی کہ لوگ پاکستان کے بجائے انڈیا کو زیادہ جانتے ہیں، جب میری بھانجی نے اُنہیں کہا کہ میں پاکستانی ہوں، تو انہوں نے برملا! کہا کہ اوہ ! انڈین!۔۔۔ یعنی آپ انڈین ہیں۔ مطلب! دنیا آپ کو مذہب کے نام سے نہیں جانتی بلکہ آپ کو کارکردگی کی بنیاد پر جانتی ہے۔لوگ آپ کو انصاف کے نام پر جانتے ہیں، لوگ آپ کو قربانیوں کی وجہ سے جانتے ہیں۔ لوگ آپ کو انسانیت کے نام سے جانتے ہیں۔ لیکن یہ کبھی بھی نہیں جانیں گے کہ آپ نے مذہب کی کتنی خدمت کی ہے۔ بلکہ میرے خیال میں تو آدھے سے زیادہ دنیا کے اسلامی ممالک بھی اپنی پہلی ”ایٹمی قوت“ کو نہیں جانتے ہوں گے۔ خیر بات جی 20کی ہو رہی ہے تو اس میں شامل 2ممالک یعنی اپنے برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور بھارت کی بڑھتی قربتوں کے بارے میں سُن لیں کہ اس وقت جی 20میں شریک تمام ممالک کے رہنما اپنے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں مگر سعودی ولی عہد بھارت میں ہی موجود ہیں۔ درحقیقت انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان حالیہ برسوں میں بڑھتی ہوئی قربت کئی عالمی فورمز پر نظر آئی ہے۔انڈیا نے سال2022-23میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی برآمدات کیں اور سعودی عرب سے تقریباً چار ہزار ڈالر کی درآمد کی ہے۔ پچھلے پانچ سالوں میں یہ تجارت دوگنی ہو گئی ہے۔سعودی عرب میں 700 سے زیادہ انڈین کمپنیاں کام کر رہی ہیں جنھوں نے تقریباً 200 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان میں ایل این ٹی، ٹاٹا، وپرو، ٹی سی ایس، شاپورجی جیسی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔ انڈیا میں سعودی سرمایہ کاری کی بات کریں تو مارچ 2021 تک یہ 300 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ تھی۔ اس میں سعودی آرامکو، سبک، ای ہالیڈے جیسی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔یہی نہیں، سعودی عرب نے انڈین سٹارٹ اپس جیسے فرسٹ کری، گروفرس، اولا، اویو، پے ٹی ایم میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ الغرض اس وقت بھارت ہو، سعودی عرب ہو یا امریکا و چین سبھی اپنے اپنے مفادات کو فوقیت دے کر آگے بڑھ رہے ہیں، سبھی ممالک ایک دوسرے کی ”مارکیٹ“کی اہمیت کو جانتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ لہٰذاایسے میں ایسے میں انڈیا ان کے سامنے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور اسی لیے ان کے لیے انڈیا اہمیت رکھتا ہے۔جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی سال 2030 تک انڈیا کی معیشت کو پانچ ٹریلین ڈالر تک لے جانے کی بات کر رہے ہیں۔ ایسے میں دنیا بھی انڈیا کو ایک بڑی منڈی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد بھی چاہتے ہیں کہ دنیا سعودی عرب کو صرف مکہ اور مدینہ میں مذہبی حیثیت سے جاننے یا تیل کی کمائی کرنے والے ملک کی حیثیت سے جاننے کے بجائے اُسے نئے ”کام“ سے پہچانیں۔ اور وہ نیا کام ”سعودی عرب نیوم پراجیکٹ“ ہے۔ جس کا بجٹ 500 ارب ڈالر (تقریباً 37 لاکھ کروڑ روپے) ہے۔ اس کے لیے وہ انڈیا سے ٹیلنٹ اور سرمایہ کاری کا مطالبہ کر رہا ہے۔ انڈیا کی مدد سے وہاں ہائیڈروجن پلانٹ پر کام بھی شروع ہو گیا ہے۔لیکن ابھی تک سعودی عرب نے ”دوست ملک“ پاکستان سے ایسی کوئی ڈیمانڈ نہیں کی۔ کیوں کہ وہ جانتا ہے، یہاں قیادت کا فقدان ہے، یہاں وہ کس سے بات کرے؟ یہاں بات چیت کی گارنٹی دینے والا کون ہے؟ یہاں کی انویسٹمنٹ کی گارنٹی دینے والا کون ہے؟ کیوں کہ سعودی عرب جانتا ہے کہ یہاں ایک سیاستدان کی لینڈ کروزر اگر سگنل پر کھڑے سپاہی کو کچلتی ہوئی گزر جائے تو کسی میں ہمت نہیںکہ اسے سزا دے سکے؟ یہاں سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کا مجرم بھی 10سال سے مفرور ہے، یہاں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ملزمان بھی آزاد اور بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔ لیکن اس کے برعکس دنیا یہ ضرور جانتی ہے کہ بھارت میں طاقتور سے طاقتور شخص اگر کبھی قانون کی پکڑ میں آجائے، اسے کوئی بچا نہیں سکتا۔ سعودی عرب میں قانون نافذ ہوتا ہے ،وہاں اس سال امریکی شہری سمیت 19غیر ملکیوں کو سنگین جرائم میں سزائے موت دی گئی۔ اب آپ ریمنڈ ڈیوس کو یاد کریں ، بالآخر اسٹیبلشمنٹ کو جس میں اپنا کردار ادا کر کے امریکی شہری کو بچانا پڑا تھا۔ یاد پڑتا ہے کہ 2019ءمیں ایک سعودی شہزادے کو قتل کے جرم میں سزائے موت دیدی گئی تھی۔ لیکن دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک ہزار سال میں بھی نہیں ٹھیک ہو سکتا، جب تک طاقتور کو سزا نہ دی جائے۔ رسالت مآب نے فرمایا تھا: وہ قومیں تباہ ہو گئیں ، جو اپنے کمزوروں کو سزا دیتیں اور طاقتوروں کو معاف کر دیتیں۔ فرمایا: فاطمہؓ بھی ہوتی تو اسکا بھی ہاتھ کاٹ دیا جاتا۔ دنیا بھر میں جائیدادیں رکھنے والے شریف اور زرداری آج آزاد پھر رہے ہیں۔ قانون اگر نافذ ہوتا تو ساری جائیدادیں ضبط اور باقی زندگی جیل میں گزرتی۔خیر ہمیں جی 20کا حصہ بننے یا بھارت کا مقابلہ کرنے یا دنیا کے دوڑ میں شامل ہونے کے لیے بہترین قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کی نمائندگی کر سکے اور دنیا اُس پر اعتبار کر سکے ورنہ ہم مقابلہ تو دور کی بات دوڑ میں بھی شامل ہونے سے قاصر رہیں گے!