پرامن ریلیاں نکلیں گی، دفعہ 144 کی ضرورت نہیں: عمر ایوب خان

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پُرامن ریلیاں نکلیں گی، کسی قسم کی دفعہ 144 کی ضرورت نہیں۔قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل اتھارٹی نے ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کر کے رکھا ہوا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بشریٰ بی بی کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ عدت کیس میں پراسیکیوٹر کبھی ادھر، کبھی ادھر بھاگ رہے ہیں، شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر سے بشریٰ بی بی کا علاج کروایا جائے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت تحریکِ انصاف کے لوگوں کو دیوار سے نہ لگائیں، یہ حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر آئی ہے، ایسی حکومتیں 2 منٹ میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 3 کروڑ لوگوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کو ووٹ دیا ہے، اسپیکر سے درخواست ہے کہ اس پر رولنگ دیں۔