ضبط کی جانیوالی اسمگل گاڑیوں کی کم قیمت پر نیلامی کا انکشاف

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضبط کی جانیوالی اسمگل شدہ گاڑیاں نیلامی کیلیے مقرر کردہ کم از کم سے کم قیمت پر نیلام کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کم قیمت پر نیلامی کا نوٹس لے لیا۔ ’’ایکسپریس‘‘کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لیگل اینڈ اکائونٹنگ کسٹمز ونگ نے ایف بی آر کو لیٹر ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کئی سال سے اسمگل شدہ گاڑیوں کی ریزرو قیمت سے کم قیمت پر نیلامی کا مسئلہ درپیش ہے اور اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کے متعدد کیسوں کی تحقیقات و انکوائریوں میں بھی یہ مسئلہ درپیش آرہا ہے۔لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ضبط کردہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلیے پندرہ جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ کے تحت اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی ریزرو قیمت یا اس سے زائد بولی پر نیلام کرنی چاہیے اور اگر نیلامی کیلیے پیش کی جانیوالی اسمگل شدہ گاڑیوں کی پہلی اور دوسری نیلامی میں ریزرو قیمت کے برابر یا اس سے زائد بولی نہیں آتی تو اس صورت میں متعلقہ ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹر متعلقہ کلکٹر کو ان گاڑیوں کی ریزروز قیمت میں کمی کی تجویز دے سکتا ہے اورکلکٹر گاڑی کی کنڈیشن دیکھ کر ریزرو قیمت کم کرنے کے بارے میں فیصلہ کرسکتا ہے۔لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز اور کسٹمز جنرل آرڈر میں پائی جانے والی عدم مطابقت کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوپارہا، بار بار آڈٹ اعتراضات سے بچنے کیلیے ضبط کردہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلیے 15جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ میں ترامیم کی جائیں۔