سرکاری ریٹ لسٹ پرعملدرآمد انتظامیہ کا بڑا ٹاسک ہے: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے جو پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانا انتظامیہ کا سب سے بڑا ٹاسک ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران پیاز 29 روپے،ٹماٹر 24 روپے اور آلو 22 روپے سستے ہوئے ہیں، باقی سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 15 سے 20 روپے تک کمی ہوئی ہے، یہ پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ٹیمیں صوبے بھر میں متحرک ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانا سب سے بڑا ٹاسک ہے، اسکے لیے تمام ڈی سی،اے سی اور کمشنر روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں، مریم نواز کا مشن ہے کہ عوام کو سستی روٹی اور سستی سبزیاں ملیں، عام آدمی کی بنیادی ضروریات میں روٹی اور سبزیاں ہیں، سبزی اور روٹی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ کے مطابق ہی ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہماری وزیراعلیٰ پیاز اور ٹماٹر کی قیمت مقرر کرنے بھی آئی اور عوام کو سستی اشیاء خورو نوش فراہم کرنے بھی آئی ہیں،مریم نواز عام آدمی کی آواز ہیں ان کا مشن خواتین اور نوجوانوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو گالم گلوچ بریگیڈ کی نہیں پنجاب کے 11 کروڑ عوام کی فکر ہے،عوام نے ہمیں مینڈیٹ مسائل کے حل کے لیے دیا انکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔