جو معافی کا کہہ رہے ہیں وہ ہم سے معافی مانگیں، عمر ایوب

فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا ہے کہ جو معافی کا کہہ رہے ہیں وہ ہم سے معافی مانگیں۔عمر ایوب نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر بوگس مقدمے ہیں ، ایک ہی دن میں میں دس مقامات پر کیسے موجود ہوسکتے ہیں، ہم معافی کس سے مانگیں کیوں مانگیں، ہمارے پندرہ لوگ شہید ہوئے ان کی معافی کون مانگے گا، جو کہہ رہے ہیں معافی کا وہ ہم سے معافی مانگیں۔عمر ایوب نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو بانی تحریک انصاف کی ہدایت پر شو کاز نوٹس جاری کررہے ہیں، بانی تحریک انصاف نے شیر افضل مروت سے ابھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی لینے کا نہیں کہا ، شوکاز کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔عمر ایوب نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک چل نہیں رہا انہوں نے گندم میں بہت بڑا ٹیکہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ فارم 47 کی بات کررہا ہے، ہم اس کے خلاف پٹیشن دائر کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سے ابھی بات چیت چل رہی ہے، ان کے نئے امیر آئے ہیں امید ہے وہ اپوزیشن الائنس کا ساتھ دیں گے۔