وزیراعظم اور عمان کے سلطان کا ٹیلی فونک رابطہ، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی

عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم اور عمان کے سلطان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے عمان کے سلطان، حکومت عمان اور عمان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی، عمان کے سلطان نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لئے دعا بھی کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال بالخصوص فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے، عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔