وزیراعظم کی بشکیک میں پاکستانی سفیر کو طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلباء کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کر کے طلباء سے ملاقات کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کیا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباء کی معاونت کر رہا ہے۔وزیراعظم نے تاکید کی کہ طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی طلباء کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائے جو زخمی طلباء پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے، طلباء کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہماری حکومت کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔