پاکستان،سعودی عرب میں دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کو ان کے دورۂ پاکستان کے اختتام پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ ورلڈ بینک و آئی ایم ایف بہاری اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں محمد بن عبداللہ الجدعان سے دوبارہ ملاقات کریں گے، جو دونوں برادر ممالک کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے ایک روزہ دورے کے دوران ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا۔اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔