اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی اور سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں خطے کی تازہ پیش رفت، جنگ بندی اور امریکا-ایران تناظر میں اسلام آباد کی سفارتی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ دیرپا امن اور استحکام کے لیے مسلسل مکالمہ اور سفارتی روابط انتہائی اہم ہیں، تاکہ تمام حل طلب امور کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر مسلسل کوششیں جاری ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت مختلف ممالک سے رابطوں میں مصروف ہیں تاکہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔دوسری طرف ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت اور کارروائیوں کے باوجود ایران کے ریاستی ادارے اتحاد، مقصد اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ اور سفارت کاری دونوں ایک ہی جنگ کے دو مربوط محاذ ہیں اور ان کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ عراقچی کے مطابق ایران کے عوام پہلے سے زیادہ متحد ہیں اور قومی اتحاد میں کسی قسم کی دراڑ نہیں پائی جاتی۔









