ایرانی فٹبال حکام کا فیفا کانگریس میں شرکت سے انکار

تہران:ایران کے فٹبال حکام نے کینیڈا میں ہونے والی فیفا کانگریس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام کے مبینہ نامناسب رویئے کو قرار دیا گیا ہے۔ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق فٹبال فیڈریشن کے تین عہدیدار کانگریس میں شرکت کے لئے ویزا کے ساتھ کینیڈا پہنچے تھے تاہم انہیں فوری طور پر اگلی دستیاب پرواز کے ذریعے واپس لوٹنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق ایران کی فٹبال فیڈریشن کے صدر اور نائب سیکرٹری جنرل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام کے نامناسب رویئے اور ایرانی مسلح افواج کے ایک معزز ادارے کی توہین کے باعث پہلی ہی پرواز سے ترکیہ واپس چلے گئے۔کینیڈا کی امیگریشن ایجنسی نے کہا ہے کہ اسلامی انقلابی گارڈ کے ارکان کینیڈا میں داخلے کے اہل نہیں ہیں، واضح رہے کہ کینیڈا، امریکا اور میکسیکو کے ساتھ مل کر 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے جبکہ فیفا کی یہ کانگریس اس ہفتے وینکوور میں منعقد ہونا ہے۔