چند وزراء وزیراعظم کے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں: بلاول

اسلام آباد:  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چند وفاقی وزراء وزیراعظم کی مدد کے بجائے ان کے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں، شاید ان وزراء کا طرز سیاست ایسا ہی ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر مقابلہ کریں، چند وزراء کا مقصد سمجھ سے بالاتر ہے، جو وزیر کہے راولاکوٹ والے کشمیری نہیں وہ اب تک کابینہ میں کیسے ہے؟انہوں نے کہا کہ وزیردفاع اپنی بات پر معافی مانگنے کو تیار نہیں، حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے آزاد کشمیر کے معاملے کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کی، بلاشبہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کو مسائل سے نکالنے کا عزم رکھتے ہیں، مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت سے ہی ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کو کردار دینا چاہیے، مولانا فضل الرحمان احتجاج کرنے والوں اور آزاد کشمیر حکومت سے بات کریں۔