اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو نشانہ بنانا ناقابل قبول قرار دے دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف جاری دھمکیوں کی شدید مذمت کی اور اظہار تشویش کیا ہے۔پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ تصور کیا جائے گا، پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف جارجانہ کارروائی برداشت نہیں ہوگی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بات چیت، سفارت کاری اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے پر عزم ہے، تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور بین الاقوامی سمندری نقل و حمل کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا کو معاملہ خود سنبھالنا پڑے گا، امریکا اس کا جواب دے گا۔









