لاہورمیں 5افراد کا قتل : تین ملزمان کو 5،5 بار سزائے موت

لاہور کے علاقے برکی میں 5 افراد کے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو پانچ پانچ بار سزائے موت سنادی گئی ۔برکی میں 5 افراد کے قتل کیس میں بڑی پیشرفت ، لاہور کی سیشن عدالت کے جج شعیب انور قریشی نے مقدمہ میں ملوث دس ملزمان کے خلاف محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ 6 ملزمان ہیرا ، ذوالفقار علی عرف سوہنی ، عبدالجبار ، محمد وقار ، لیاقت علی ، جہانگیر کو سخت سکیورٹی میں جیل سے عدالت پیش کیا گیا۔ملزمان فرمان علی ، رحمت علی ، وقاص علی اور قدیر علی عرف چن ضمانت پر عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے مقدمہ میں ملوث تمام ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد فیصلہ سنایا، ملزمان کی جانب سے وکیل اصغر علی گل ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کیے جبکہ مقدمہ مدعی کی جانب سے وکیل فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ایڈیشنل سیشن جج نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان ہیرا ، ذوالفقار ، جہانگیر کو پانچ پانچ بار موت کی سزا سنا دی جبکہ ملزمان عبدالجبار ، محمد وقار ، لیاقت علی ، قدیر ، رحمت علی اور فرمان علی کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف چھے سال قبل 2018 میں تھانہ برکی میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔