سلامتی کونسل قرارداد کے باوجود اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پربمباری

غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے ہسپتالوں اور جبالیہ کیمپ پر تباہ کن بمباری کی جس کے نتیجے میں 16سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بربریت تھم نہ سکی ، اسرائیلی فضائیہ نے العودے ہسپتال کو جانے والے راستے پر بمباری کی جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے، سڑک پرنشانہ بننے والے فلسطینیوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں ، بمباری سے انڈونیشیاہسپتال کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا جس سے شہادتوں کا خدشہ ہے ۔اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ پر تباہ کن بمباری کی جس کے نتیجے میں 16سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ، جبالیہ میں فلسطینی وزارت صحت کےجنرل ڈائریکٹر کے گھر پر حملے میں بیٹی شہید جبکہ منیر البروش زخمی ہوگئے ۔ادھر ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس بغیر کسی شرط کے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے۔ڈینیل ہگاری نے نیوز کانفرنس میں  مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیلیوں کی رہائی میں کردار اداکرے، اسرائیلی مغوی جلدی رہا ہونے چاہئیں،تاکہ ان کی طبی ضروریا ت پوری کی جا سکیں۔دوسری جانب سلامتی کونسل نے غزہ کی پٹی میں فلاحی امداد کی فراہمی کی قرارداد منظور کرلی ہے، قرارداد میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے پائیدار حالات کے قیام کی بات کی گئی ہے۔